ہومپاکستانایران مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوا، اب افغانستان کے ذریعے پراکسی جنگ اور بھارت کی مداخلت کے معاملے پر توجہ دینگے،خواجہ آصف

ایران مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوا، اب افغانستان کے ذریعے پراکسی جنگ اور بھارت کی مداخلت کے معاملے پر توجہ دینگے،خواجہ آصف

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے یہ جو ایران کا مسئلہ تھا وہ بہت خوش اسلوبی سے حل ہوا ہے۔ اس کے بعد ہم پوری یکسوئی کے ساتھ افغانستان کے ذریعے ہمارے خلاف جاری پراکسی جنگ اور بھارت کی جانب سے ہونے والی مداخلت کے معاملے پر بھی توجہ دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر اس مسئلے کا حل امن کے ذریعے نکل آئے تو یہ بہت اچھی بات ہوگی لیکن اگر امن کا راستہ موثر ثابت نہ ہوا تو پھر دوسرے آپشنز بھی موجود ہیں۔جہاں تک مودی، بھارتی قیادت یا کسی اور طبقے کی تکلیف کا تعلق ہے تو یہ ایک فطری بات ہے، اس میں حیرانی کی کوئی بات نہیں۔ گزشتہ سال معرک حق میں جو شکست بھارت کو ہوئی، اس کی تکلیف اور ذلت آج بھی انہیں محسوس ہو رہی ہے۔ اس شکست کی داستان تاریخ میں مدتوں یاد رکھی جائے گی۔ اگر انہوں نے دوبارہ کسی قسم کی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو انشا اللہ ہم ہر وقت اور ہر لمحہ تیار ہیں اور پچھلی بار سے بھی زیادہ ذلت آمیز شکست بھارت کا مقدر بنے گی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا آزاد کشمیر میں جو زبان بولی جا رہی ہے، وہ نہ آزاد کشمیر کی نمائندہ زبان ہے اور نہ ہی پاکستان کی، یہ دراصل بھارت کے بیانیے کی عکاس ہے۔ جو بھی اس انداز میں بات کر رہا ہے، وہ بھارت کے موقف کو تقویت دے رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جو لوگ برطانیہ میں بیٹھ کر ان سرگرمیوں کو ہوا دے رہے ہیں اور انہیں فنڈ کر رہے ہیں، وہ بھی بھارت کے پراکسی نیٹ ورک کا حصہ بن کر کام کر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔