Tuesday, April 14, 2026
ہومبریکنگ نیوزصدر مملکت کی ایران امریکہ ثالثی پر حکومت کے کردار اور کوششوں کی تعریف

صدر مملکت کی ایران امریکہ ثالثی پر حکومت کے کردار اور کوششوں کی تعریف

اسلام آباد(آئی پی ایس ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔صدر مملکت نے خطے کی موجودہ سیکیورٹی اور سفارتی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ مجموعی طور پر عالمی سیکیورٹی، معیشت اور سیاست پر مرتب ہوں گے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے تمام پہلوں پر صدر کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے مذاکرات کے مختلف مراحل اور پاکستان کی ثالثی کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے صدر مملکت کو امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے آئندہ دورہ سعودی عرب اور ترکیہ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

صدر زرداری نے اس سفارتی اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے وزیراعظم، نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور تمام ریاستی اداروں کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مثالی ہم آہنگی اس اعلی سطحی رابطے کو ممکن بنانے میں کلیدی ثابت ہوئی۔صدر مملکت نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تاریخی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان تاریخ ساز مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم مہیا کر کے پاکستان نے عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور کلیدی ریاست کے طور پر اپنی پوزیشن کی توثیق کی ہے اور ایک بار پھر دنیا پر اپنی امن پسند ساکھ ثابت کر دی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو امریکہ اور ایران کے ساتھ ساتھ بڑی علاقائی و عالمی طاقتوں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں رہنا چاہیے تاکہ امن کے عمل کے تسلسل اور علاقائی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے شرکت کی، جبکہ صدر مملکت کی معاونت سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹ میں پی پی پی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان اور سابق چیئرمین سینیٹ نیر بخاری نے کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔