Tuesday, April 14, 2026
ہومبریکنگ نیوزاسرائیل ترکیہ کو دشمن کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے، ترک وزیر خارجہ

اسرائیل ترکیہ کو دشمن کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے، ترک وزیر خارجہ

یروشلم(آئی پی ایس )ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ بڑھتے ہوئے علاقائی کشیدگی کے درمیان اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو ترکیہ کو ایک نیا دشمن قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ترک سرکاری میڈیا انادولو ایجنسی کے ہیڈکوارٹر میں ایڈیٹرز کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو اپنی بقا کیلئے کسی نہ کسی دشمن کی ضرورت ہوتی ہے اور ایران کے بعد اب وہ ترکیہ کو دشمن کے طور پر پیش کرنا چاہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ سمجھتا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے ممالک کی جانب سے مداخلت کرنا مناسب نہیں ہے، آبنائے ہرمز کے ذریعے لوگوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے اور کسی بھی ملک کو گزرنے کے لیے فیس ادا نہیں کرنی چاہیے۔ترک وزیر خارجہ نے ممالک کے درمیان اعتماد کو تقویت دینے کے لیے خطے میں سیکیورٹی اتحاد کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے فیدان نے کہا کہ لبنان جو کچھ دیکھ رہا ہے وہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ بحران علاقائی تنازع کی طرف بڑھ سکتا ہے۔واضح رہے کہ ترک وزیر خارجہ کا یہ بیان صدر رجب طیب ایردوان کی جانب سے نیتن یاہو سمیت 35 اسرائیلیوں کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ عالمی فلوٹیلا کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔