تہران: (آئی پی ایس) ایرانی فورسز کا کہنا ہے کہ ہماری بندرگاہوں کو خطرہ ہوا تو خطے میں کوئی بندرگاہ محفوظ نہیں رہے گی۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے بعد امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے سے خالی ہاتھ واپس جائیں گے، مزاحمتی محاذ پورے خطے میں مضبوط اور مؤثر انداز میں موجود ہے اور دشمنوں کا انتظار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اورصہیونی ریاست کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ یمن، باب المندب اور بحیرہ احمر سے کس طرح خالی ہاتھ واپس ہوئے، اور اس بار بھی انہیں خطے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، فوجی جہاز آبنائے ہرمز کی طرف آئے تو سختی سے نمٹا جائے گا، خلیجی بندرگاہیں یا تو سب کیلئے ہوں گی یا کسی کیلئے نہیں، بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں پر امریکی پابندیاں بحری قزاقی ہیں۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکیاں مضحکہ خیز ہیں، امریکی فوج کی نقل و حرکت پر مکمل نظر ہے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی ناکہ بندی عالمی معیت سے انتقام ہے، کیا غیر قانونی جنگ عالمی معیشت سے بدلہ لے کر جیتی جا سکتی ہے۔
علاوہ ازیں حالیہ پیش رفت میں امریکی فوج کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کے گرد ناکہ بندی شروع کئے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو روکا یا قبضے میں لیا جا سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس صورتحال سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور عالمی سطح پر اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
