اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے جنگ بندی مذاکرات اور پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات کی میزبانی اسلام آباد اور پورے پاکستان کیلئے قابل فخر لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر دنیا کی نگاہیں مرکوز ہیں اور پاکستان کی مؤثر سفارتکاری کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی سے دنیا میں امن و استحکام کی نئی امید طلوع ہو رہی ہے۔
عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام اور مشترکہ ترقی کیلئے پاکستان کی کاوشیں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، اور یقین ہے کہ امریکا ایران مذاکرات کے نتیجے میں مستقل جنگ بندی اور وسیع تر امن پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے استحکام ضروری ہے اور بزنس کمیونٹی حکومتی سفارتی اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے جس سے معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ماحول سازگار ہے اور سفارتی کامیابیوں کو معاشی کامیابی میں بدلنا ہوگا۔
