اسلام آباد:(سب نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کی نئی لہر دیکھنے میں آئی ہے، جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 12.15 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 8 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 15 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 69 پیسے اضافہ ہوا، جبکہ پٹرول 57 روپے 66 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 7 روپے 53 پیسے، ایل پی جی سلنڈر 440 روپے 43 پیسے، آلو 1 روپے 34 پیسے اور پیاز 2 روپے 96 پیسے مہنگے ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈے، بیف، مٹن، بریڈ اور دہی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
دوسری جانب لہسن، کیلے، چکن، گندم، گھی، کوکنگ آئل اور دال ماش کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ براہ راست مہنگائی پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس سے عام صارفین پر مزید بوجھ بڑھ گیا ہے۔

