تحریر: صداقت حسین علوی
@AlviViews
لفظ جمہوریت تمام سیاسی جماعتوں کا پسندیدہ ترین لفظ ہے جس کے نام پر سیاست دان عوام کو آسانی سے بے وقوف بناتے ہیں اور اقتدار میں آنے کے لیے انہیں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی۔ پاکستان میں دو قسم کے گروہ پائے جاتے ہیں جو عوام کو بیوقوف بنانے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے
پہلا گروہ نام نہاد مولویوں کا ہے جو اپنے مفادات کے لیے کم عقل و شعور رکھنے والے لوگوں کا استعمال کرکے سڑکوں پر لاتے ہیں۔ جبکہ دوسرا گروہ نام نہاد سیاسی جمہوریت پسندوں کا ہے جو اپنے مفادات کے لیے جمہوریت کے نعرے کا سہارا لیتے ہیں
بد قسمتی سے دونوں کا صرف اور صرف اپنے مفادات سے مطلب ہوتا ہے عوام کے مفادات سے نہیں ۔ ان دونوں گروہوں نے عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح استعمال کرنا ہی سیکھا ہے۔ اب عوام کو ان کے بھونڈے ارادوں کو سمجھ جانا چاہیے اور اللہ تعالی کی عطا کردہ عقل سے کام لے کر ان کے بھونڈے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دینا چاہیے آخر کب تک ہم ان کے ناجائز مفادات کا تحفظ کریں گے ۔
سیاستدانوں نے اپنے بینک بیلنس اور اپنی ہی جیبوں کو گرم کیا ہے جس کے لیے انہوں نے ہمارا ہی استعمال کیا ہے اور ہم لوگ ہی ان کو ووٹ دے کر لاتے ہیں جبکہ وہ اقتدار میں آکر عوام کے مفادات کی بجائے اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں اور اس طرز سیاست کو پاکستانی معاشرہ میں جمہوریت کا نام دیا جاتا ہے
جمہوریت کے علاوہ کوئی ایسا لفظ نہیں جس کے نام پر سیاست دان عوام کو لوٹ سکیں لہذا سیاستدان صرف اور صرف لفظ جمہوریت کا سہارا لے کر عوام کو لوٹتے ہیں اپنے اقتدار کو طوالت دیتے ہیں اپنے مفادات کو تحفظ دیتے ہیں
اگر غلطی سے کوئی ادارہ ان سے لوٹ گھسوٹ پرسوال کرے تو بھی جواب نہ دینے کے لئے یہ سیاستدان لفظ جمہوریت کا ہی سہارا لیتے ہیں اور ان سے پوچھ گچھ کے عمل کو یہ سیاستدان جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہیں اور ماشاءاللہ سے ہماری عوام ایک بار پھر ان کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں
ہماری جمہوریت کے معاملہ پر حسن نثار صاحب نے کیا خوب لکھا تھا تھا کہ ہماری عوام اپنے ہی قاتلوں کو کندھوں پر بٹھا کر ناچنے کا فن بخوبی جانتی ہے
موجودہ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے اس نظام کو تبدیل کرنے کے لئے کچھ اقدامات کیے ہیں جن کے لئے تمام اداروں سمیت ہم سب کو مل کر اس حکومت کا ساتھ دینا چاہیے کیونکہ ہم عوام سیاسی پارٹیوں کے غلام نہیں ۔ اب ہم عوام کو سمجھدار ہو جانا چاہیے اور ہوش کے ناخن لینا چاہئے اور یہ اٹل فیصلہ کرلینا چاہیے کہ اب ہم مزید ان نام نہاد جمہوریت پسندوں کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ اپنے عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے والے سیاستدان کو ہی حکمران بنائیں گے۔ اللہ ہمارے ملک پاکستان کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دے اور دنیا کا عظیم ترین ملک بنائے۔
پاکستانی جمہوریت کے انوکھے رنگ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
