ہومپاکستانپاکستان کا عالمی طاقتوں سے افغانستان کے اربوں ڈالر اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ

پاکستان کا عالمی طاقتوں سے افغانستان کے اربوں ڈالر اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ

نیویارک (آئی پی ایس )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا کے شہر نیویارک پہنچ گئے۔اس موقع پر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے مختلف ممالک کے شہریوں اور سفارتی عملے کے انخلا میں معاونت کی، وعدوں کی پاسداری طالبان کے بہتر مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کو افغانوں کیلئے کھولنا بہتر ہوگا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد منجمد کیے گئے اربوں ڈالر کے افغان اثاثوں کو بحال کر دیں۔ تاہم پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کو نئی افغان حکومت کے جلد تسلیم کیے جانے کی توقع نہیں۔اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان پر بات چیت سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سب سے فوری ترجیح افغانستان میں مزید گہرے معاشی بحران کو روکنا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔نیو یارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف آپ بحران کو روکنے کے لیے نئے سرے سے فنڈز جمع کر رہے ہیں اور دوسری جانب ان کے جو اثاثے ہیں، وہ ان کو استعمال نہیں کر سکتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں اثاثے منجمد کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ میں عالمی طاقتوں پر زور دوں گا کہ وہ پالیسی کا ایک بار پھر جائزہ لیں اور اثاثے غیر منجمد کرنے کے بارے میں سوچیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔