اسلام آباد(آئی پی ایس )آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو ارسال کردی گئی۔ذرائع کے مطابق ای سی سی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع سے متعلق فیصلہ کریگی۔ذرائع کے مطابق او ایم سیز اور ڈیلرز کے منافع پرپیٹرول اور ڈیزل 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر تک مہنگا ہونیکا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہیکہ او ایم سیز اور ڈیلرز کا منافع ایک روپے 10 پیسے سے ایک روپے 28 پیسے فی لیٹر بڑھانیکی تجویز ہے۔
اس وقت ایک لیٹر پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع 7 روپے87 پیسے ہے۔ ڈیزل پر بھی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع 7 روپے87 پیسے فی لیٹر ہے۔ذرائع کا کہنا ہیکہ اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر ڈیلرز کا کمیشن 8 روپے 64 پیسے ہے۔ ڈیزل پر بھی ڈیلرز کمیشن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہے۔
ذرائع کے مطابق شہری فی لیٹر پیٹرول پر اوایم سیز اور ڈیلرز کا منافع 16روپے 51 پیسے ادا کر رہے ہیں۔ شہری ڈیزل پر بھی 16 روپے 51 پیسے او ایم سیز اور ڈیلرز کا منافع ادا کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہیکہ ای سی سی سے منظوری اور وفاقی کابینہ کی توثیق کے بعد اطلاق ہوگا۔
