اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ کے موضوع پر آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس کا اہتمام پیمرا نے فیڈرل محتسب برائے تحفظِ خواتین ازہراسگی برائے ورک پلیس فوسپاہ کے اشتراک سے کیا۔
سیمینار کی مہمانِ خصوصی فوزیہ وقار، فیڈرل محتسب برائے تحفظِ خواتین از ہراسگی فوسپاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کام کی جگہ پر ہراسانی کے خاتمے کیلئے فوسپاہ کے ملک گیر مشن اور اس کی جنسی بنیاد پر تشدد کے خلاف سولہ دن کی آگاہی مہم ملک بھر میں چلائی جا رہی ہے۔ جس کے ذریعے کوئی بھی شخص قانونی تحفظات، شکایت کے طریقہء کار اور کام کی جگہ پر ہراساں کرنے اور امتیازی سلوک کے خلاف اپنی شکایات آسانی سے درج کروا سکتے ہیں۔
فوسپاہ کی اس آگاہی مہم کا سلوگن “ہم بدلیں گے سوچ”ہے۔ اس موقع پر قائم مقام چیئرمین پیمرا جناب سکندر رشید چوہدری نے کہا کہ ہم ورک پلیس پر خواتین کیلئے امتیازی سلوک کو ختم کرکے اور اپنے اداروں میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا کر ایک باوقار اور محفوظ ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔ کام کی جگہ پر ایسا ماحول فراہم کرنے سے خواتین بھرپور طریقے سے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گی۔ آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کی ٹیم نے شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے اور شرکا میں متعلقہ قانون اور شکایتی طریقہ کار سے متعلق معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔
پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں فوسپاہ کے اشتراک سے کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
