ہومپاکستانالیکشن ایکٹ کی کیخلاف ورزی، سہیل آفریدی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

الیکشن ایکٹ کی کیخلاف ورزی، سہیل آفریدی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد (سب نیوز)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18ہری پور میں ضمنی الیکشن کی مہم کے دوران سرکاری افسران کو دھمکانے کے معاملے پر وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی طلبی کے باوجود الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے ، وکیل صفائی علی بخاری نے نوٹس کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا دیا ۔ الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی کو ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4رکنی بینچ نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے خلاف الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی۔ سہیل آفریدی پیش ہوئے نہ ہی امیدوار شہر ناز عمر ایوب آئیں۔ وزیراعلی کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ سہیل آفریدی ایک میٹنگ میں ہیں۔ ڈی آر او نے بھی انہیں طلب کر رکھا ہے۔ ممبر خیبرپختونخوا نے سوال اٹھایا کہ ملزم الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے تو ڈی آر او کے پاس کیسے جائیں گے؟ اس پر علی بخاری بولے ان ریمارکس کے بعد ہمیں کیا انصاف ملے گا؟۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم میں کوئی پبلک آفس ہولڈر شرکت نہیں کر سکتا۔ تشدد پر اکسانے یا دھمکانے کی بھی ممانعت ہے۔ سہیل آفریدی نے انتخابی عملے کو دھمکایا، جبکہ امیدوار شہرناز عمر ایوب بھی برابر کی قصور وار ہیں۔ وکیل علی بخاری نے موقف اپنایا کہ وزیراعلی پنجاب بھی حسن ابدال میں اسپتال کا اعلان کر کے گئیں۔ ایک وزیراعلی کو نوٹس کیا ہے تو دوسرے کو بھی ہونا چاہیے۔
وکیل سہیل آفریدی علی بخاری نے کہا کہ نوٹس میں لکھا ہوا ہے کہ جو سی ایم صاحب نے اسپیچ کی ہے وہ حویلیاں تحصیل میں کی ہے۔ حویلیاں تحصیل جو ہے وہ ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد میں آتا ہے وہ ہری پور میں نہیں آتا۔وزیراعلی سہیل آفریدی کی جانب سے ایک دن کے استثنی کی درخواست دی گئی جو الیکشن کمیشن نے منظور کرلی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج کی سماعت کا عبوری آرڈر جاری کیا جائے گا۔ اگلی تاریخ اسی آرڈر میں دیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔