Wednesday, May 13, 2026
ہومپاکستانحکومت کی 3سال کی کارکردگی صرف مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہے ، اپوزیشن

حکومت کی 3سال کی کارکردگی صرف مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہے ، اپوزیشن

اسلام آباد ، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی تین سالہ کارکردگی یہ ہے کہ انہوں نے مہنگائی کو آسمان پر پہنچا کر ہزاروں پاکستانیوں سے روزگار چھین لیا،امریکی صدر کی ایک فون کال کیلئے ترستے عمران خان نے تین سالوں میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہائی کا شکار کردیا،عمران خان کی باتیں بڑی بڑی ہوتی ہیں اور کارکردگی صفر، عوام اب جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
جمعرات کو تین سالہ حکومتی کارکردگی کے حوالے سے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں سے شروع ہوکر میں پر بات ختم کرنے والے وزیراعظم کو کوئی بتائے کہ پاکستان کی ابتدا اور انتہا ہم عوام ہیں،تین سالوں میں پاکستان میں صرف مافیا کو فائدہ ہوا ہے، آٹا چور اور چینی چور ترقی کرگئے، عوام مہنگی دوا کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں، بازاروں میں مہینے کا راشن خریدتے ہوئے بار بار اپنی جیب کو دیکھنے والا عام آدمی عمران خان کی کارکردگی کو اچھے طریقے سے سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تین سالوں میں ملک کو تباہی کے اس دہانے پر پہنچادیا ہے کہ بحالی میں شاید ایک دہائی لگ جائے،حکومتی کارکردگی سرکاری افسران کی جھوٹی رپورٹوں سے نہیں بلکہ عوام کے چہرے پر پھیلی مسکراہٹ سے سامنے آتی ہے، عمران خان کے مشیروں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر جو حکومتی کارکرگی تلاش کی ہے، عوام کو دوربین لگا کر بھی نظر نہیں آرہی، وزیراعظم کو خود معلوم ہے کہ وہ ملک کو انتظامی لحاظ سے تباہ کرچکے ہیں مگر اپنی ضد اور انا کی وجہ سے وہ اقتدار چھوڑنے کو تیار نہیں۔دوسری طر ف مسلم لیگ ن نے حکومت پر 3سال کی کارکردگی دکھانے کیلئے بھارتی ویب سائٹ کی تصویریں استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ن لیگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جعلساز کے تین سال کا ہیش ٹیگ استعمال کیا جارہا ہے۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کے منصوبے بھارتی پورٹل کی چوری شدہ تصاویر پرمبنی ہیں، اگر کوئی نیا منصوبہ لگایا ہوتا، عوام کو ریلیف دیا ہوتا تو اس کی تصویر اور ثبوت بھی ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی 3 سال کی کارکردگی صرف منہگائی، بیروزگاری، غربت، پارلیمان کو تالا، اپوزیشن کی گرفتاریاں اور آزادی اظہار کا قتل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔