ہومپاکستانچینی وزیرِ خزانہ کا پاکستان کی معاشی پیش رفت کا خیرمقدم، دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر گفتگو

چینی وزیرِ خزانہ کا پاکستان کی معاشی پیش رفت کا خیرمقدم، دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر گفتگو

بنکاک (سب نیوز)وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے وزیرِ خزانہ، جناب لان فوان، سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ مالیاتی تعاون کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور علاقائی اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کو اجاگر کیا اور مشکل معاشی حالات میں چین کی دیرینہ حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ چینی وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کا خیرمقدم کیا۔دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان کی جانب سے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کا جائزہ لیا، جس میں ضابطہ جاتی معاونت، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)کی جانب سے قرض کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے معاونت، 2.5 فیصد کی مسابقتی شرحِ منافع اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی شامل تھی۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے چینی سرمایہ منڈی میں بار بار خودمختار بانڈ جاری کرنے والے ملک کی حیثیت سے مستقل موجودگی قائم کرنے کے پاکستان کے ارادے کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں چار سال کے وقفے کے بعد پاکستان کی یورو بانڈ مارکیٹ میں واپسی اور منظور شدہ 7.2 ارب چینی یوآن کے پروگرام کے تحت مزید پانڈا بانڈز کے اجرا کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی، جن میں اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت بھی شامل ہے۔دونوں وزرائے خزانہ نے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)کی پاکستان کی سربراہی، آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور اس سے قبل اسلام آباد میں ایس سی او کے وزرائے خزانہ کے اجلاس کے انعقاد پر بھی گفتگو کی۔

لان فوان نے اسلام آباد میں وزارتی اجلاس میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔دونوں جانب سے علاقائی مالیاتی تعاون کے ایک اہم اقدام کے طور پر ایس سی او ترقیاتی بینک کے مجوزہ قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔ چینی فریق نے اس مجوزہ ادارے کے حوالے سے جاری مشاورت میں پاکستان کی فعال شرکت اور اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بینک کے قیام کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں دوطرفہ انفراسٹرکچر تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ چینی وزیرِ خزانہ نے چین۔پاکستان شاہراہ کے ایک منصوبے کے مجوزہ راستے میں تبدیلیوں کے حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی جانب پیش رفت کا ذکر کیا۔ڈیجیٹل تبدیلی اور ہنرمندی کے فروغ کے حوالے سے سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے چینی ہم منصب کو ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں کی تربیت کے فروغ کے لیے علی بابا کے ساتھ پاکستان کے تعاون سے آگاہ کیا۔ انہوں نے تعاون کے طے شدہ فریم ورک پر عملدرآمد اور ان شعبوں میں اشتراک مزید مضبوط بنانے کے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔