راولپنڈی (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان نے عالمی حالات کے پیش نظر احتجاجی تحریک دو ہفتوں کے لئے موخر کردی۔منگل کو اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے فیملی ممبران کی ملاقات ہوئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
ملاقات کانفرنس روم میں کروائی گئی جس میں صحت، زیر سماعت اپیلوں اور پی ٹی آئی کی ملک بھر میں تحریک کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنیں نورین نیازی اور عظمی خانم جبکہ بشری بی بی کی بھابھی مہر النسا احمد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئیں۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد نورین نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑی مشکل سے ملاقات کی اجازت دی گئی کیونکہ گزشتہ ایک ہفتے سے بانی پی ٹی آئی کی کسی سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو عالمی حالات سے متعلق مکمل آگاہی ہے اور ان کا کہنا تھا کہ عالمی حالات کا اثر پاکستان پر پڑے گا اس لیے تمام پاکستانیوں کو اس وقت متحد ہونا چاہیے۔
نورین نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک کو دو ہفتوں کے لیے موخر کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے خیبر پختونخوا کے بجٹ کے حوالے سے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بجٹ مشاورت کے بعد ہی پاس کیا جائے گا۔نورین نیازی نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور، تیمور جھگڑا، مزمل اسلم اور شبلی فراز کو ملاقات کے لیے طلب کیا ہے اور ان سے مشاورت کے بعد ہی کے پی کا بجٹ منظور کیا جائے گا۔