Friday, June 20, 2025
spot_img
ہومبریکنگ نیوزعلی امین گنڈاپور پر رشوت دینے کا الزام؛ الیکشن کمیشن میں نااہلی کے لیے درخواست دائر

علی امین گنڈاپور پر رشوت دینے کا الزام؛ الیکشن کمیشن میں نااہلی کے لیے درخواست دائر

اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے فنڈ دینے کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

علی امین گنڈاپور کے خلاف درخواست ارسلان آفریدی ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن میں دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبائی کابینہ نے فنڈ دینے کی منظوری دی ہے۔

درخواست کے مطابق دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو فنڈ دینا رشوت کے زمرے میں آتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے کی امانت میں خیانت کی ہے۔ صوبے کے فنڈ کو دوسرے صوبے میں استعمال ایمرجنسی یا کسی آفت کی صورت میں کیا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبے کو پہلے ہی معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اوپر سے صوبے کے خزانے سے فنڈ باہر استعمال ہورہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور اپنے مینڈیٹ و حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔

درخواست کے مطابق فنڈ کے استعمال سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین اور این ایف سی ایوارڈ موجود ہے، لہٰذا وزیراعلیٰ کو نااہل قرار دیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ کو صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔