Monday, May 18, 2026
ہومتازہ ترینکشمیرپریمیئر لیگ کی ٹرافی اٹھانا میرے لیے فخر کی بات ہے،شاہدآفریدی

کشمیرپریمیئر لیگ کی ٹرافی اٹھانا میرے لیے فخر کی بات ہے،شاہدآفریدی

مظفرآباد،قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور راولا کوٹ ہاکس کے کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کرکٹ اکیڈمی ہونی چاہیے جبکہ کشمیر لیگ کی ٹرافی اٹھانا میرے لیے فخر کی بات ہے۔کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل)کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کے پی ایل کے کامیاب اختتام پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر سے میرا گہرا تعلق ہے اور 1948 میں میرے دادا کو یہاں کے وزیر اعظم نے غازی کشمیر کا لقب دیا تھا۔ اس لیے بھی کشمیر لیگ کی ٹرافی اٹھانا میرے لیے فخر کی بات ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی کی کوششوں سے کامیاب کشمیر پریمیئر لیگ منعقد ہوئی۔ یہ ٹرافی ہم آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی نام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر کے پی ایل کی انتظامیہ اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس لیگ کو کامیاب بنایا۔آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کشمیر کے بچوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور میں ان کی ٹریننگ کے لیے اپنی خدمات دینے کو تیار ہوں۔ یہاں کرکٹ اکیڈمی کا قیام ہونا چاہے تاکہ ان بچوں کو سہولیات فراہم کی جائیں اور یہ کسی اور ملک کے لیے کھیلنے کے بجائے پاکستان کے لیے ہی کھیلیں۔واضح رہے کہ اسٹار آل راونڈر شاہد خان آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل)کی چیمپیئن بن گئی۔ کے پی ایل کے پہلے ایونٹ کے سنسنی خیز فائنل مقابلے میں راولا کوٹ ہاکس نے مظفر آباد ٹائیگرز کو 7 رنز سے شکست دی۔ مظفر آباد ٹائیگرز کو 170 رنز کا ہدف ملا جسے وہ حاصل نہ کرسکے۔ ٹائیگرز کے ذیشان اشرف 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ محمد حفیظ 29، وسیم جونیئر 22 اور سہیل تنویر نے 21 رنز بنائے۔راولا کوٹ ہاکس کے آصف آفریدی اور حسین طلعت نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹار آل راونڈر شاہد آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔راولا کوٹ ہاکس کے حسین طلعت مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بولرز کا اعزاز آصف آفریدی کو نام رہا۔مظفر آباد ٹائیگرز کے محمد وسیم جونیئر ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر قرار پائے۔بیسٹ وکٹ کیپر کا ایوارڈ بسم اللہ خان کو ملا جبکہ میرپور رائلز کے سلمان ارشاد نے بہترین کشمیری کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔