ہومپاکستانلاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو جہانگیر ترین کی شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو جہانگیر ترین کی شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

لاہور،لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو مشروط طور پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین کی شوگر ملز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے درخواست کی سماعت کی ، عدالت نے فوری طور پر حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔ عدالت نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کو حکم دیا ہے کہ وہ چینی کی قیمت کے فرق کے برابر مچلکے عدالت میں جمع کروائیں۔ جہانگیر خان ترین کی دو شوگر ملز نے درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے تمام درخواستیں یکجا کر کے مرکزی کیس کے ساتھ سماعت کے لئے مقررکرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کین کمشنر کو جہانگیر تیرین کی شوگر ملز کی جانب سے چینی کی سپلائی کامکمل ریکارڈ رکھنے کا بھی حکم دیا ۔ عدالت نے پنجاب حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جہانگیر ترین کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت نے حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت 84.5روپے فی کلو مقررکرنے کے حوالہ سے شوگر ملز کاموقف بھی سننے حکم دیا تھا تاہم حکومت نے یکطرفہ طور پر یہ نوٹیفیکشن جاری کیا ہے اور لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ جہانگیرترین کی جانب سے دائر درخواست میں حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت مقررکرنے کے حوالہ سے جاری نوٹیفیکیشن غیر قانونی قراردے کر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔