اسلام آباد ، وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی اسلام آبادکے مختلف علاقوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائیاں جاری، درجنوں غیر قانونی تعمیرات مسمارکر دی گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے پیر کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متعدد کارروائیاں کی، ان کارروائیوں کے آغاز میں آئی جے پی روڈ پر تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائی کی گئی، ابتدائی طور پر منڈی موڑ سے ملحقہ گرین بیلٹ میں قائم غیر قانونی اڈے کے خلاف آپریشن کیا گیا اور گرین بیلٹ میں کھڑی گئی تمام گاڑیوں کو نکال کر متذکرہ گرین بیلٹ خالی کرایا گیا جبکہ اس کے داخلی اور خارجی راستے میں بھاری مشینری کی مدد سے کھڈے بنا کر ناکارہ بنا دئیے گئے اور اراضی کا قبضہ محکمہ انوائرنمنٹ کے حوالے کر دیا تا کہ اس گرین بیلٹ میں شجر کاری شروع کی جا سکی۔اس کے بعد آئی جے پی روڈ بلمقابل CTTI کالج میں برساتی نالے کے عین وسط میں قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس آپریشن کے نتیجے میں 35 عارضی گھروں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر کے نالے کو کلئیر کیا گیا تاکہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نا ہو۔ اسی طرح آئی جے پی روڈ پر مین اشارے کے پاس سرکاری اراضی پر مویشیوں کے باڑے بنا کر قبضہ کیا گیا تھا جسکے خلاف کارروائی کے دوران 4 باڑے مسمار کر کے اراضی کا قبضہ محکمہ انوائرنمنٹ کے سپرد کر دیا گیا۔بعدازاں گلی نمبر 11 سیکٹر F-6/3 میں ایک رہائشی گھر کے باہر ایک گارڈ روم اور 1 ڈراپ ڈان بیرئیر مسمار کیا گیا جبکہ سیکٹر G-9 اور G-10 میں بننے والے 2 غیر قانونی چھپر ہوٹلوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔
سی ڈی اے کا مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن ، درجنوں غیر قانونی تعمیرات مسمار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
