پشاور (سب نیوز)خیبر پختونخوا حکومت کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نہ صرف کے پی کے بلکہ پورے ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔اپنے بیان میں مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سردمہری اور سفارتی ناکامیوں نے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچایا بلکہ پورے خطے کے امن کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت کے دعوے حقیقت سے متصادم ہیںاور ان کی ناقص کارکردگی خود ان کے چہرے پر ایک زور دار طمانچہ ہے، خیبر پختونخوا کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا براہ راست تعلق وفاق کی ناقص پالیسیوں سے ہے، جو ملک میں دہشت گردی کے فروغ کا سبب بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی اور گورننس میں بدترین خلا کے باعث ملک بدانتظامی کی لپیٹ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے مالی وسائل روک کر یہاں جان بوجھ کر بدانتظامی کو بڑھاوا دے رہی ہے، کے پی کے پہلے ہی دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ خطہ ہے اور اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک اب بند ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر حکومت کی خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق کو صوبے کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا، بصورتِ دیگر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
