اسلام آباد: چیئرمین نیپرا نے بجلی سبسڈی ختم کرنے کی حکومتی تیاریوں پر کہا ہے کہ عوام کی چیخیں نکلیں گی اور زوردار جھٹکا لگے گا۔تفصیلات کے مطابق یپرا میں پاورسیکٹر سبسڈیز کو ٹارگٹڈ بنانے کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز پر سماعت ہوئی۔حکام پاورڈویژن نے کہا کہ 6ما ہ کی کھپت پر پروٹیکٹڈ صارفین کی کٹیگری بنانے کی تجویز ہے، سروے سے پتا چلا کہ 200یونٹ والے صارفین کے پاس لگژری آئٹمز نہیں ہوتے، لہذا 200یونٹ والے صارفین کو پروٹیکٹڈ صارفین کی کٹیگری میں رکھا جائے گا، حکومت احساس پروگرام کے ذریعے صارفین کو سبسڈی دے گی، 200یونٹ والے صارفین مستقبل میں بجلی قیمتوں میں اضافے سے بھی مستثنیٰ ہوں گے ، جب تک چیزیں شناختی کارڈ سے منسلک نہیں ہوتیں اس وقت تک پلان دیاہے، لائف لائن صارفین کی حد پچاس یونٹ سے بڑھا کر سویونٹ کررہے ہیں، سبسڈی تمام صارفین کی بجائے سماجی و اقتصادی بنیادوں پر دی جانی چاہیے۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ اگر ایک صارف چھ ماہ میں 200 یونٹ سے اوپر چلا گیا تو وہ پروٹیکٹڈ سے نکل جائے گا، ہم نے قوم کو ذہنی مریض نہیں بنانا ہم نے بجلی بل کو سادہ بناناہے ۔ پاور ڈویژن حکام نے جواب دیا کہ فیز ون میں کراس سبسڈی کی کوئی تبدیلی نہیں لارہے۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں آپ ہمارے پاس سلیبز لے کر آئے ہیں، دوسرے مرحلے میں حکومتی ٹیرف لے کر آئیں گے، لوگوں کی چیخیں دوسرے فیز میں نکلیں گی اور انہیں زور کا جھٹکا لگے گا، اس پوری حکمت عملی کے لیے پانچ سال کا عرصہ کیوں لگے گا، مجھے شک ہے کہ اگر ہم آج فیز ون منظورکردیں کل فیز ٹو آجائے گا، سلیبز کی منظوری اور چیز ہے اور اسکا ٹیرف اورچیز ہے، ضروری نہیں کہ اگر سلیبز کی منظوری دے دی تو ٹیرف سٹرکچر بھی منظورکردیں۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ نیپرا پاورانڈسٹری کی موجودہ صورتحال سے مطمئن نہیں، ہم ٹیکنیکل اینڈ ڈسٹریبیوشن لاسز سے مطمئن نہیں ہیں، ڈسکوز کے بورڈز میں قابل افراد کو لایاگیاہے، پاورسیکٹر میں سستی روی سے سہی مگر تبدیلی آرہی ہے۔
بجلی سبسڈی کا خاتمہ، لوگوں کی چیخیں نکلیں گی اور انہیں زور کا جھٹکا لگے گا، چیئرمین نیپرا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
