اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے) انتظامیہ کا راول ڈیم چوک کے مقام پر ٹریفک کا دبائو کم کرنے اور شہریوں کو ٹریفک جام جیسی مشکلات سے بچانے کے لئے راول ڈیم فلائی اوور، انڈر پاس، مارگلہ ٹائون انڈر پاس اور ملحقہ سڑکوں کی چوڑائی کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق راول ڈیم چوک اوور کے منصوبے کا سپر اسٹرکچر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، منصوبے میں 24 پائلز شامل تھیں جو کہ 24 کی 24 مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ 18 گارڈر اور پائلز کے اوپر پئیر بھی مکمل ہوگئے ہیں، پارک روڈ سے فیض آ باد کی طرف سلپ روڈ کی کارپٹنگ بھی مکمل ہوگئی ہے، فیض آ باد سے سرینہ کی طرف سلپ روڈ کی بیس مکمل کر لی گئی ہے اور ساتھ میں مارگلہ ٹائون انڈر پاس کی کھدائی بھی شروع کردی گئی ہے، منصوبے میں کام کے دوران ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنایا گیا ہے مزید برآں سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر متعلقہ شعبے نے کام کی رفتار کو مزید تیز کردیا ہے، منصوبے کی تکمیل کے بعد راول ڈیم چوک پر ٹریفک کا دبائو کم اور شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل کابھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے کا عملہ راول ڈیم چوک فلائی اوور انڈر پاس، مارگلہ ٹائون انڈر پاس اور سڑکوں کی اطراف سے چوڑائی میں مختلف اوقات میں اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے جبکہ منصوبے کا 70 فیصد تعمیراتی کام تقریبا مکمل ہوچکا ہے۔علاوہ ازیں راول ڈیم فلائی اوور انڈرپاس، مارگلہ ٹائون انڈر پاس اور ملحقہ سڑکوں کی اطراف سے چوڑائی کا تعمیراتی کام کا آ غاز اکتوبر 2020 میں ہوا، سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی دلچسپی اور متعلقہ شعبے کے عملے کی دن رات محنت کی وجہ سے رواں برس دسمبر میں راول ڈیم فلائی اوور ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا، واضح رہے کہ یہ منصوبہ اپنی مقررہ مدت سے قبل از وقت پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گاسی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر ان سڑکوں اور علاقوں کی نشاندھی بھی کی جارہی ہے جہاں ٹریفک کا دبائو زیادہ ہونے کے باعث شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو قیمتی وقت کے ضیاع سے بچایا جاسکے۔
سی ڈی اے کا راول چوک فلائی اوور،مارگلہ ٹائون انڈر پاس کا تعمیراتی کام جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
