پشاور،وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کواٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کو پاک افغان سرحد پر سیکورٹی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کواٹرز پشاور کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم ، آرمی چیف کے علاوہ گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان بھی ہمراہ تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ضم ہونے والے اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں، پاک افغان انٹرنیشنل سرحد پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نے بارڈر کنٹرول اور بیرونی سیکیورٹی کے لیے حقیقت پسندانہ اقدامات کو بھی سراہا جبکہ کورونا ،ٹڈی دل، انسداد پولیو مہم اور شجرکاری مہم میں سول انتظامیہ کی مدد پر بھی مسلح افواج کی تعریف کی ۔وزیراعظم کو نئے ضم شدہ اضلاع این ایم ڈیز میں جاری سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے سماجی اور معاشی منصوبوں کے لئے بہتر ماحول اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی تعریف کی، پاکستان کے جامع بارڈر مینجمنٹ رجیم کی افادیت، موثر سرحدی کنٹرول اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور خیبر پختونخواہ میں ضم شدہ اضلاع میں ترقیاقی منصوبوں کی تکمیل کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقے کے پائیدار استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات اہم ہیں۔
بارڈر کنٹرول ،سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کے حقیقت پسندانہ اقدامات قابل تعریف ہیں، وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
