اسلام آباد ،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں، دنیا بھر میں کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی اور اٹھاتا رہوں گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست کے بھارت کے غیر قانونی اقدام کو آج 2 سال ہو گئے ،دوسال میں دنیا نے بھارتی افواج کا کشمیرمیں تاریخی ظلم دیکھا ، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور کشمیری شناخت کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوانسانی حقوق تنظیموں نے پیش کیا، فوجی محاصرے کے باوجودحق خود ارادیت کی جدوجہدغیرمتزلزل ہے۔وزیراعظم نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں، بھارتی حکومت کی مقبوضہ کشمیرمیں بر بریت ہندو توا نظریے سے متاثرہے ، آج بھارت اپنی بدمعاشی سے خطے کے استحکام کو تباہ کر رہا ہے ، بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائی اور اٹھاتا رہوں گا ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق ملنے تک آوازاٹھاتارہوں گا، پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑتا رہے گا ، انشا اللہ کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔
دنیا بھر میں کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی اور اٹھاتا رہوں گا ،وزیراعظم عمران خان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

