لاہور(آئی پی ایس ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین سید محسن نقوی نے کہا کہ وعدے کے مطابق قذافی سٹیڈیم کی تعمیر کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جس کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف کرینگے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ میرے سے زیادہ آپ لوگوں کے چکر یہاں پر لگے ، کوئی ایسا دن جس دن آپ نے سٹیڈیم کا چکر نہیں لگایا، اکتوبر میں باقاعدہ طور پر اس کی کنسٹرکشن شروع ہوئی 31 جنوری کا وعدہ تھا آج پورا سٹیڈیم آپ کے سامنے ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہیں، قذافی سٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف کرینگے جبکہ 11فروری کو کراچی نیشنل سٹیڈیم کا افتتاح صدر مملکت آصف علی زرداری کرینگے۔انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب ہو گی، یہاں کام کرنے والے تمام لوگوں نے بہت محنت کی ہے، سٹیڈیم کا ویو اچھا ہو گیا، گنجائش بھی بڑھا دی گئیں ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ باڈر پار بڑے لوگ ہیں جو ایک ایک پتھر کو بھی یہاں پہ نوٹ کر رہے ہیں مگر ان کو کوئی چیز نہیں ملے گی اب جو کرسیاں یہاں لگائی ہیں وہ چائنہ سے آئی ہیں اور 20 سال کی گارنٹی ہے۔