Wednesday, June 17, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینسوڈان میں سرمایہ کاری کے روشن امکانات: وزیرِ خزانہ ڈاکٹر جبریل ابراہیم سے پاکستان انوسٹر فورم کے صدر سے وفد کی اہم ملاقات

سوڈان میں سرمایہ کاری کے روشن امکانات: وزیرِ خزانہ ڈاکٹر جبریل ابراہیم سے پاکستان انوسٹر فورم کے صدر سے وفد کی اہم ملاقات

جدہ(خالد نواز چیمہ)سوڈان کے وزیرِ خزانہ و اقتصادی منصوبہ بندی ڈاکٹر جبریل ابراہیم سے پاکستان انوسٹر فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسکانکم اور پاکستان انوسٹر فورم کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ملاقات انتہائی خوشگوار، مثبت اور مستقبل کے لیے حوصلہ افزا ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی روابط کے استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر جبریل ابراہیم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور سوڈان کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان ایک نئی معاشی منزل کی جانب گامزن ہے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو سوڈان کی ترقی اور تعمیرِ نو کے عمل میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیرِ خزانہ نے ان شعبوں کی نشاندہی کی جنہیں حکومت سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی حیثیت دیتی ہے، جن میں گولڈ مائننگ اور معدنیات، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ، انفراسٹرکچر اور تعمیرات، بجلی و توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس اور صنعتی و اقتصادی زونز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبے سرمایہ کاروں کے لیے غیر معمولی مواقع رکھتے ہیں اور مستقبل میں نمایاں منافع اور ترقی کے امکانات فراہم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر جبریل ابراہیم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سوڈان میں غیر ملکی سرمایہ کار اپنے منصوبوں میں 100 فیصد ملکیت کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، جس سے انہیں اپنے کاروبار اور سرمایہ پر مکمل اختیار حاصل ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ، انتظامی معاونت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔

اس موقع پر پاکستان انوسٹر فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول نے وزیرِ خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے ایک سنہری موقع ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور سوڈان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے خوشحالی اور ترقی کے نئے دروازے کھل سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ رابطے مستقبل میں مضبوط اقتصادی شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کا باعث بنیں گے۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سوڈان آج سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی سرزمین بن رہا ہے اور پاکستانی سرمایہ کار اس ترقی کے سفر میں ایک مؤثر اور مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔