اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان جنوبی افریقہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی)کا ایک اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کنوینر ڈاکٹر نفیسہ شاہ، رکن قومی اسمبلی نے کی۔ اجلاس کے بعد جمہوریہ جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر مسٹر روڈولف پیئر جورڈان کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی۔اجلاس میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار، محمد ریاض فتیانہ، میر شبیر علی بجارانی، میر عامر علی خان مگسی، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، اسد عالم نیازی، ڈاکٹر شازیہ صبیحہ اسلم سومرو، ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی، مسرت رفیق ماہسر اور ثمینہ خالد گھرکی سمیت متعدد ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
افتتاحی کلمات میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس باہمی مفاہمت، عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور پاکستان کی لک افریقہ پالیسی اور جنوبی ممالک کے باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اجلاس کے شرکا کو جنوبی افریقہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ملک محمد فاروق نے بریفنگ دی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کی سیاسی، اقتصادی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی برادری کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمیونٹی کو درپیش مسائل اور سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے جنوبی افریقہ کے عظیم رہنما نیلسن منڈیلا کے پاکستان کے تاریخی دوروں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ امن، انصاف، مساوات اور مفاہمت کے لیے نیلسن منڈیلا کی جدوجہد آج بھی دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور پاکستان و جنوبی افریقہ کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بناتی ہے۔بعد ازاں جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر مسٹر روڈولف پیئر جورڈان نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ روایتی شعبوں کے علاوہ عوامی روابط، اعلی سطحی تبادلوں اور مثر فالو اپ نظام کے ذریعے تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی جنوب(گلوبل ساوتھ)کے ممالک کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے جنوبی افریقہ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔مسٹر جورڈان نے کرکٹ کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے عوام کے درمیان خیرسگالی اور باہمی تعلقات کے فروغ کا ایک مثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ کھیلوں کے تبادلوں کی اہمیت اجاگر کی۔اجلاس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، پارلیمانی تعاون اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان نے اقتصادی روابط کو فروغ دینے، ادارہ جاتی تعاون بڑھانے اور پارلیمانی سطح پر باقاعدہ رابطوں کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں بھی ایک ہم منصب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی اور سفارتی ذرائع سے مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔
پاکستان جنوبی افریقہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

