اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پولیو پر قابو پانے کے لیے صوبائی چیف سیکرٹریز اور 22 ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ورچوئل اجلاس کی صدارت کی۔منگل کو وزیر اعظم میڈیا آفس کی جانب سے سے جاری بیان کے مطابق ان اضلاع میں پنجاب کے تین اضلاع لاہور ، راولپنڈی اور فیصل آباد)، سندھ کے 8 اضلاع (کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع اور قمبر)، خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع (خیبر ، بنوں ، پشاور، لکی مروت اور جنوبی وزیرستان)، بلوچستان کے 5 اضلاع (کوئٹہ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، ژوب اورمستونگ) اور اسلام آباد شامل ہیں۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں ملک بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ مزید یہ بات بھی قابل اطمینان ہے کہ 2021 میں صرف 14 فیصد ماحولیاتی نمونے مثبت پائے گئے جو گزشتہ سال 56 فیصد تھے۔ اس لیے فی الحال ہمارے پاس ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ایک نادر موقع ہے، اگلے 6 سے 12 ماہ اس حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔وزیر اعظم نے تمام ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کو پولیو کی عفریت سے نجات دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے وائرس سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے
پاکستان کو پولیو سے نجات دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
