اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر حملہ بزدلانہ فعل ہے، سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرنے پر انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حلیم عادل شیخ سندھ کے عوام کی آواز بنتے رہیں گے۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے انہیں جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا، اب ان پر حملے کئے جا رہے ہیں جو ایک بزدلانہ فعل ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جمہوریت اور اظہار رائے کا راگ الاپنے والے سندھ میں اپوزیشن رہنما کی آواز کو خاموش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری سندھ حکومت اور حکومتی مشینری پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ اس طرح کی تمام بزدلانہ کارروائیاں صوبائی حکومت کی ایماپر کی جا رہی ہیں جن کا مقصد پیپلز پارٹی کی کرپشن پر پردہ ڈالنا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج سندھ کا انفراسٹرکچر تباہ حال جبکہ تعلیمی ادارے مویشیوں کے باڑے بن چکے ہیں۔ حلیم عادل شیخ سندھ کے عوام کی آواز بنتے رہیں گے۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست کے لئے استعمال کرنے کا عمل نریندر مودی پہلے بھی کر چکے ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہرشل گبز پر پابندی کے لئے دبائع ڈالنے سے کشمیر کی تحریک کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ فائدہ ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے غیر منطقی سیاسی مقاصد کے لئے عالمی کھلاڑیوں کو روک کر یہ اپنا ہی نقصان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان میں کرکٹ کے لاکھوں شائقین ہیں، کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر لیگ پاکستان کی کرکٹ کے لئے اہمیت کی حامل ہے، لوگ اسے دیکھنا چاہتے ہیں۔
کرپشن بے نقاب کرنے پرحلیم عادل کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،فواد چوہدری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

