اسلام آباد ،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران وزیراعظم عمران خان کے غریب پرور فیصلوں سے نہ معیشت کا پہیہ رکا اور غریب کا چولہا بجھا ، سندھ حکومت کے صوبے میں مکمل لاک ڈائون کے یکطرفہ فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں ،معیشت کا پہیہ رکنے نہیں دیں گے ، سندھ حکومت نے صوبے میں مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ کرکے غریب عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں علی نواز اعوان نے کہا کہ جب سے دنیا میں کرونا وائرس کی وبا آئی ہے ،پاکستانی حکومت نے اپنے بہترین فیصلوں سے ملک میں غریب کا چولہا بجھنے نہیں دیا ،ان کے فیصلوں سے معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہا جس کے ثمرات آج ہمارے سامنے ہیں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پاکستان میں بھی بھارتی طرز پر مکمل لاک ڈائون کے اصرار کے باوجود وزیراعظم عمران خان کا روز اول سے یہ موقف رہا کہ میں ملک میں مکمل لاک ڈائون کرکے غریب مزدور کے منہ سے روٹی کا لقمہ نہیں چھین سکتا ،آج جبکہ پوری دنیا میں عمران خان کے اس نظریے کو سراہا جارہا ہے ،سندھ حکومت کا صوبے میں مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کے اس یکطرفہ فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں ،اس فیصلے سے دیہاڑی دار مزدور سب سے زیادہ متاثر گا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ اب جبکہ دنیا سمارٹ، مائیکرو اور انٹیلیجنٹ لاک ڈائون جیسے اقدامات کو اپنا رہی ہے، سندھ حکومت کا یہ فیصلہ نہ صرف جگ ہنسائی کا باعث ہے ،بلکہ غریب شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کر رہا ہے۔
سندھ حکومت کا صوبے میں مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ جگ ہنسائی کا باعث ہے ، علی نواز اعوان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

