Thursday, January 23, 2025
ہومبریکنگ نیوزکرم فائرنگ ان عناصر کی کارستانی ہے جو علاقے میں امن کی بحالی نہیں چاہتے، علی امین گنڈاپور

کرم فائرنگ ان عناصر کی کارستانی ہے جو علاقے میں امن کی بحالی نہیں چاہتے، علی امین گنڈاپور

پشاور(آئی پی ایس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کرم امن معاہدے کے بعد اس طرح کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ کرم فائرنگ ان عناصر کی کارستانی ہے جو علاقے میں امن کی بحالی نہیں چاہتے۔ واقعہ کرم میں امن کے لیے حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ اور مذموم لیکن ناکام کوشش ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے اپنے بیان میں کرم کے علاقہ بگن میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں ڈی سی کرم اور دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واقعہ ان عناصر کی کارستانی ہے جو کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے۔ صوبائی حکومت کرم میں امن کی بحالی اور عوام کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ فریقین کے درمیان معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کرم کے لوگ پرامن ہیں اور وہ علاقے میں امن چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ شرپسند عناصر کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے، ان عناصر کی کوشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ صوبائی حکومت اور علاقے کے لوگ مل کر ایسے شرپسند عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ علاقے کے لوگوں ان عناصر کی نشاندہی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے سے کرم میں امن کی بحالی کے لیے حکومت اور علاقہ عمائدین کی کوششیں متاثر نہیں ہوں گی۔ صوبائی حکومت علاقہ عمائدین کے تعاون سے علاقے میں مکمل امن کی بحالی تک کوششیں جاری رکھے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔