Monday, December 9, 2024
ہومپاکستانچیمپئینز ٹرافی ، آئی سی سی بورڈ میٹنگ ملتوی، بھارت نے مزید وقت مانگ لیا

چیمپئینز ٹرافی ، آئی سی سی بورڈ میٹنگ ملتوی، بھارت نے مزید وقت مانگ لیا

دبئی (آئی پی ایس )چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی پر پاکستان کے سخت موقف نے بھارت کو بوکھلادیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے آج ہونے والے اجلاس سے قبل مزید وقت مانگ لیا۔پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے بارے میں کوئی فیصلہ آج بھی مشکل دکھائی دیتا ہے، ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو کسی باضابطہ میٹنگ کا نہیں بتایا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملتوی ہونے والی میٹنگ کے بعد ابھی تک کوئی ایسی میٹنگ پلان نہیں کی گئی ہے۔ اب یہ میٹنگ اسی وقت بلائی جائے گی جب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)اور پاکستان کرکٹ بورڈ مل کر اس مسئلے کا کوئی حل نکالیں گے۔ آئی سی سی نے کمال ہوشیاری سے اپنی جان چھڑوا کر پی سی بی اور بی سی سی آئی کو ایک دوسرے کے سامنے لا کھڑا کیا ہے، دونوں بورڈز کے درمیان رابطے ضرور ہیں تاہم فوری طور پر کوئی متفقہ اور پائیدار حل طے نہیں پاسکا۔ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان بدستور اپنے موقف پر قائم ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آکر نہیں کھیلتی تو پھر پاکستانی ٹیم بھی بھارت میں جاکر آئی سی سی کے کسی ایونٹ کے میچز وہاں نہیں کھیلے گا۔ایونٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا یا نہیں، اس سلسلے میں بورڈ ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں دونوں بورڈز کو 24 سے 48 گھنٹوں میں معاملات پر بات چیت کرنے کو کہا گیا۔

ذرائع کے مطابق مختصر وقت کے لیے گزشتہ روز ہونے والے آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹرز میٹنگ میں فریقین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں، جن پر آج ہونے والے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔دبئی میں ہونے والے آئی سی سی کے اہم اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت کئی ممالک کے بورڈ سربراہان موجود تھے جب کہ دیگر نے وڈیو کال کے ذریعے میٹنگ کو جوائن کیا۔دوسری جانب آئی سی سی کی کوشش ہے کہ فریقین کے لیے قابل قبول حل پیش کیا جائے۔ پی سی بی کی جانب سے بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر ممکنہ نقصان کی تفصیل بھی شرکا کے سامنے لائی جائیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔