Saturday, December 7, 2024
ہومبریکنگ نیوز’چاہے جان چلی جائے، عمران خان کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں آؤں گا‘، گنڈا پور کے حلف کی ویڈیو وائرل

’چاہے جان چلی جائے، عمران خان کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں آؤں گا‘، گنڈا پور کے حلف کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی پی ٹی آئی کے احتجاج کی ’فائنل کال‘ سے پہلے کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر یہ حلف اٹھاتے ہیں کہ عمران خان نے نومبر میں جو فائنل کال دینی ہے اس پر چاہے ان کی جان چلی جائے وہ اس وقت تک اپنے گھر واپس نہیں آئیں گے جب تک عمران خان کو رہا نہ کروا لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی لینے تک ان کی یہ جنگ جاری رہے گی۔
علی امین گنڈاپور کی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے، ایک صارف نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اپنے حلف کی کچھ تو لاج رکھ لیتے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی یہ ویڈیو 9 نومبر 2024 کی ہے جس میں انہوں نے صوابی سے جلسے سے خطاب کیا تھا، جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک خان کو آزاد نہیں کریں گے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے، جیل جائیں لیکن گھر واپس نہیں جائیں گے، ہم ان کا وہ حال کریں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔
لیکن گزشتہ رات جب پی ٹی آئی کے مظاہرین کے خلاف آپریشن شروع ہوا تو بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور نے وہاں سے راہ فرار اختیار کی جس پر پی ٹی آئی کے حامی صارفین ان پر خوب تنقید کر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔