Sunday, December 8, 2024
ہومبریکنگ نیوزپی ٹی آئی احتجاج: عمران خان سے تفتیش کے لئے پنڈی پولیس کے تین افسران اڈیالہ پہنچ گئے

پی ٹی آئی احتجاج: عمران خان سے تفتیش کے لئے پنڈی پولیس کے تین افسران اڈیالہ پہنچ گئے

اسلام آباد(آئی پی ایس)28 ستمبر احتجاج کے معاملے میں تفتیش کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا، راولپنڈی پولیس کے تین افسران کی ٹیم عمران خان کے سیل پہنچ گئی، سیل کو تھانہ نیو ٹاؤن ڈکلیئر کرکے سیکیورٹی پولیس کے حوالے کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی راولپنڈی راجہ حسیب کی سربراہی میں ڈی ایس پی لیگل راجہ عنایت اور انسپکٹر راشد کیانی پر مبنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی ہے۔
عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کا آج تیسرا دن ہے، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے سیل کو تھانہ نیوٹاؤن ڈکلیئر کیا گیا ہے اور سیکیورٹی بھی پنڈی پولیس کے پاس ہے۔
تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے 15 سے زائد سوالات تیار کرلیے، سوالات پہلے سے گرفتار و جوڈیشل ہونے والے 23 ملزمان سے ہونے والی تفتیش کے تناظر میں ہیں۔
تفتیشی ٹیم نے اڈیالہ جیل اور عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کرنے والوں کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا، تفتیشی ٹیم نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی تقاریر اور سوشل میڈیا پوسٹوں کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا، تفتیشی ٹیم کے پاس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی موجود ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتشی ٹیم کا ممکنہ سوال یہ ہوگا کہ 28 ستمبر کو آپ نے کال دی اس پر راولپنڈی میں پُرتشدد مظاہرے ہوئے، آپ کا کیا موقف ہے؟ مقامی لیڈر شپ پی ٹی آئی سیمابیہ طاہر و دیگر نے آپ کی کال پر پر تشدد مظاہرے کئے، آپ کا کیا موقف ہے؟ آپ کی رسائی جن افراد کیساتھ ہے ان کے ذریعے سے آپ کا موقف باہر جاتا ہے، اس پر کیا کہتے ہیں؟
تفتیشی ٹیم کا ممکنہ سوال یہ ہوگا کہ آپ نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو پر تشدد مظاہرے کرنے پر اکسایا، آپ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے کا کہا؟

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔