راولپنڈی (آئی پی ایس )پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے 24نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بنالی، دوسری جانب محسن نقوی نے اسلام آباد کی طرف رخ کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے واضح حکم دیا ہے کہ کسی احتجاج کی اجازت نہیں، اس لیے اگر یہ اسلام آباد آتے ہیں تو دیکھ لیں گے، علاوہ ازیں حکومت نے 8 بجتے ہی موٹرویز بند کردیئے، اسلام آباد کے تمام بس اڈے اور ہاسٹلز بھی بند کروا دیئے گئے ہیں جبکہ وفاقی شہر میں 30 ہزار اضافی نفری پہنچ گئی ہے۔
لاہور میں بابو صابو انٹر چینج پر کنٹینر لگاکر موٹر وے بند کردی گئی ہے۔ نیازی اڈا سے بابو صابو انٹر چینج تک گاڑیوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ بابو صابو موٹر وے پر ہزاروں کنٹینر موجود ہیں۔ موٹر وے کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حکومت نے موٹرویز رات 8 بجتے ہی بند کردیے۔ آئی جی موٹروے نے موٹروے پولیس کو اس حوالے سے احکامات جاری کیے ہیں۔موٹروے پولیس کے مطابق، ایم 1، ایم 2، ایم 3، ایم 4، ایم 11، اور ایم 14 کو روڈ مرمت کے باعث بند کیا جا رہا ہے۔یہ بندش پشاور سے اسلام آباد اور لاہور سے اسلام آباد کی موٹرویز پر رہے گی۔ اس کے علاوہ، لاہور سے عبالحکیم اور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک بھی موٹروے بند رہے گی۔
اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے 30 ہزار اضافی نفری پہنچ گئی ہے۔تمام نفری اسلام آباد پولیس کی معاونت کرے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ احتجاجی مظاہرین کو موثر طریقے سے منتشر کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق، تمام سیکورٹی اہلکار احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کے لیے مکمل ساز و سامان سے لیس ہیں۔اسلام آباد پولیس کی موجودہ نفری تقریبا 11 ہزار کے قریب ہے، جو کہ اضافی نفری کے ساتھ مل کر صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر پوائنٹ پر نفری کے پاس 2 گن 12 بور اور 100 ربڑ کی گولیاں دی جائیں گی، اضافی ربڑ کی گولیوں اور آنسو گیس کے شیل کے لیے خصوصی ٹیم اسٹینڈ بائی ہوگی، دوران ڈیوٹی افسران اور اہلکار موبائل فون کے ہمراہ لے جانے پر پابندی ہوگی، افسران اور اہلکار دیگر اسلحہ اپنے ہمراہ نہیں رکھیں گے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں کسی بھی کارکن کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، راول ڈویژن میں 40 سے زائد مقامات پر رکاوٹیں راستوں کو بلک کیا جائے گا، راول ڈویژن میں 12 خصوصی ٹیمیں بھی مختلف مقامات پر تعینات رہے گی، کینٹ سرکل میں 14 مقامات پر رکاوٹیں لگا کر نفری کو تعینات کیا جائے گا، ٹیکسلا سرکل میں 7 مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی جبکہ براہمہ انٹر چینج، پسوال انٹر چینج پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایم 2، اولڈ ٹول پلازہ، ایم 1، فتح جنگ ٹول پلازہ ٹھلیاں انٹر چینج تا چکری انٹر چینج تک بھی آمد و رفت بند ہوگی، صدر سرکل میں 13 مقامات پر پولیس کی جانب سے رکاوٹیں لگائی جائیں گی، میٹرو بس کی حفاظت کے لیے ہر اسٹیشن پر متعلقہ تھانوں کی خصوصی ٹیمیں سامان سے لیس تعینات ہوگی، 8 خصوصی ٹیمیں میٹرو ٹریک کے اوپر تعینات ہوگی، خصوصی ٹیم کے پاس آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں ہوگی،ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس پر مشتمل 2،2 خصوصی ٹیمیں سی پی او اور ایس ایس پی رال پنڈی کے ہمراہ ہوں گی، راولپنڈی کے تمام اسپتالوں کے ایمرجنسی میں بھی پولیس کی خصوصی ٹیمیں تعینات ہوگی، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خصوصی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
آٹھ بجتے ہی موٹر ویز بند، اسلام آباد کے تمام بس اڈے اور ہاسٹلز بھی سیل، 30ہزار اضافی نفری پہنچ گئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔