Sunday, December 8, 2024
ہومپاکستانضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ، خاتون سمیت 38افراد جاں بحق، 29زخمی

ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ، خاتون سمیت 38افراد جاں بحق، 29زخمی

پشاور (آئی پی ایس )خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خاتون اور بچے سمیت 38 افراد کو قتل کردیا جب کہ حملے میں 29 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ نامعلوم مسلح افراد نے کرم کے علاقے لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ جائے وقوع پر موجود ڈان نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو رضا کار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا۔
بعد ازاں غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کے مطابق خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری نے بتایا کہ حملے میں ایک خاتون اور بچے سمیت کم از کم 38 افراد جاں بحق ہو گئے۔چیف سیکریٹری نے تصدیق کی کہ حملے میں پاراچنار سے کرم جانے والی مسافر وین کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 29 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پاراچنار کے ایک مقامی رہائشی زیارت حسین نے ٹیلی فون پر رائٹرز کو بتایا کہ مسافر گاڑیوں کے 2 قافلے تھے جن میں سے ایک پشاور سے پاراچنار اور دوسرا پاراچنار سے پشاور جا رہا تھا کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔زیارت حسین نے مزید بتایا کہ ان کے رشتے دار پشاور سے کرم جانے کے لیے سفر کر رہے تھے۔تاحال کسی گروپ نے مسافر گاڑیوں پر حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔