اسلام آباد(آئی پی ایس ) اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنما ئو ں کی گرفتاری پر قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔ چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا تو حامد رضا نے معاملہ کمیٹی میں اٹھا دیا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ میں برداشت اور تحمل والا شخص ہوں ، مجھ سے یہ سلوک روا رکھا گیا، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی اور سابق اسپیکر سمیت مجھے طاقت کے زور پر گرفتار کیا گیا چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پہلے گرفتار کیا گیا پھر ٹانگیں پکڑ کر لے گئے، پولیس چوکی میں ڈیڑھ گھنٹہ ہمیں حبس بیجا میں رکھا، اس پارلیمنٹ کے ممبران کو ٹریٹ کرنے کا یہ طریقہ ہے، ہماری بے عزتی کی گئی۔