Sunday, December 8, 2024
ہومبریکنگ نیوزدہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں: امریکا

دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں: امریکا

واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردانہ حملوں میں بےتحاشہ نقصان اٹھایا، دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

ایک پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی رپورٹس سے آگاہ ہیں ، پاکستانی عوام کے خلاف سفاکانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان میں دہشتگرد حملوں کے واقعات کی مذمت کرتےہیں۔

میتھیوملر کاکہنا تھا کہ دہشتگردوں کاکوئی ملک اور کوئی مذہب نہیں ، ہمارے دل دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، پاکستانی عوام نے دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا، حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ دہشتگردوں سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتی رہنماؤں سے بات چیت کے لیے پُرعزم ہیں، حکومتِ پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشتگردی پارٹنر شپ جاری رکھی ہوئی ہے۔

میتھیو ملر نے کہا کہ دہشتگرد گروپوں کا پتہ لگانے، ان کی روک تھام اور انہیں جواب دینے کی صلاحیتیں پیدا کرنے کے مواقع کی نشاندہی کے لیے حکومتی رہنماؤں اور سول اداروں سے بات چیت کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے خطرات کا پتہ لگانے اور ان سے نمٹنے کے لیے فوجی اور سویلین صلاحیتیں بڑھانے پر مشاورت اور اعلیٰ سطح ڈائیلاگ اس میں شامل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سکھ شہریوں کو لاحق خطرات پر حکومت سنجیدہ ہے، امریکا میں مقیم سکھ کمیونٹی کے خدشات پر بھارت سے جواب لیا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔