Sunday, December 8, 2024
ہومپاکستانملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ،مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہو کر7فیصد پرآگئی، وزیراعظم

ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ،مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہو کر7فیصد پرآگئی، وزیراعظم

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہو کر7فیصد پرآگئی، ٹیکس چوری کرنے والوں اورانکی معاونت کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچا کررہیں گے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، اور اس کے مثبت اثرات نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان قائم ہے، جو بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظم نے عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آ گئی ہے، جبکہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آ گئی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کی زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے تعریف کی۔
وزیراعظم نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں، اور تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس میں معیشت کے اعشاریوں، مہنگائی کی موجودہ صورتحال، اور ٹیکس چوری کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔