سری لنکن ماہرین تعلیم، بدھ مت کے راہبوں، مذہبی رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں پر مشتمل 20 رکنی وفد کا وزارت خارجہ کا دورہ
اسلام آباد،(سب نیوز): سری لنکا کے ماہرین تعلیم، بدھ مت کے راہبوں، مذہبی رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں پر مشتمل 20 رکنی وفد نے آج وزارت خارجہ پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی ورثے، خصوصاً گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے تاریخی آثار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر سجاد حیدر خان اور ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک کمیونیکیشنز طارق وزیر نے وفد کو پاکستان کے مذہبی و ثقافتی ورثے، مذہبی سیاحت کے مواقع اور کرتارپور راہداری جیسے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر سفیر سجاد حیدر خان نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے سری لنکن وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مشترکہ تاریخی، مذہبی اور تہذیبی ورثے کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری، بہتر رابطہ کاری، مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، مشترکہ آثارِ قدیمہ کی تحقیق اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر سجاد حیدر خان نے وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے گندھارا، کریڈل آف بدھزم اسٹریٹجی کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں ٹاسک فورس کے رکن عمران شوکت اور پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر بھی شریک تھے۔
دورے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان عوامی روابط کے فروغ، مشترکہ ثقافتی و تہذیبی ورثے کے تحفظ اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی مشترکہ کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ثقافتی، مذہبی اور تعلیمی تعاون کے فروغ پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
