2027-28 سے ہر سال دو پاکستانی طلبہ کو برطانیہ کی معروف جامعات میں ماسٹرز کی تعلیم کے لیے وظائف دیے جائیں گے
اسلام آباد: برطانوی حکومت کے معروف چیوننگ اسکالرشپ پروگرام اور الائیڈ بینک لمیٹڈ (ABL) نے پاکستانی باصلاحیت نوجوانوں کو برطانیہ کی ممتاز جامعات میں مکمل فنڈڈ ماسٹرز کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے نئی شراکت داری کا آغاز کر دیا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت الائیڈ بینک پاکستان کا پہلا ادارہ بن گیا ہے جس نے مقامی سطح پر فنڈڈ چیوننگ اسکالرشپ پارٹنرشپ قائم کی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے برطانوی حکومت کے عالمی شہرت یافتہ اسکالرشپ پروگرام اور پاکستان کے نجی شعبے کو یکجا کرتے ہوئے ملک کی آئندہ نسل کے رہنماؤں کی تعلیم و تربیت میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
چیوننگ اور الائیڈ بینک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 2027-28 کے تعلیمی سال سے مسلسل تین تعلیمی سالوں تک ہر سال دو پاکستانی طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ ان وظائف کے لیے ایسے شعبوں کو ترجیح دی جائے گی جو پاکستان کی مستقبل کی ترقی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل تبدیلی، معاشیات اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری باصلاحیت اور مستقبل کے رہنماؤں کو برطانیہ کی عالمی معیار کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے اور نئے خیالات و تجربات کے ساتھ وطن واپس آکر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
انہوں نے اس بات کو بھی خوش آئند قرار دیا کہ ایک سابق چیوننگ اسکالر اب نئی نسل کے لیے بھی اسی تعلیمی موقع کی راہ ہموار کر رہا ہے۔
یہ شراکت داری الائیڈ بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عائزڈ گل کے لیے بھی ایک خصوصی اہمیت رکھتی ہے، جنہوں نے 2001 میں چیوننگ اسکالرشپ کے تحت برطانیہ کی یونیورسٹی آف مانچسٹر سے ایم ایس سی بزنس اکنامکس کی ڈگری حاصل کی تھی۔ 25 سال بعد وہ پاکستانی نوجوانوں کی نئی نسل کے لیے اسی نوعیت کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
الائیڈ بینک کے صدر اور سی ای او عائزڈ گل نے کہا کہ اے بی ایل چیوننگ اسکالرشپ کا بنیادی مقصد باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو سیکھنے، آگے بڑھنے اور بین الاقوامی تجربات حاصل کرکے وطن واپس آنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس شراکت داری کے ذریعے الائیڈ بینک نئی نسل کے رہنماؤں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں ضروری علم و مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے اپنی معاونت جاری رکھے گا تاکہ وہ پاکستان کے مستقبل کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
اعلامیے کے مطابق 2027-28 کے تعلیمی سال کے لیے پہلے دو چیوننگ-الائیڈ بینک اسکالرز کا انتخاب پہلے سے موصول ہونے والی درخواستوں میں سے کیا جائے گا۔
جبکہ 2028-29 کے تعلیمی سال کے لیے چیوننگ-الائیڈ بینک اسکالرشپس کی درخواستوں کا عمل اگست 2027 میں چیوننگ کے سالانہ درخواست سائیکل کے ساتھ شروع ہونے کی توقع ہے۔ کامیاب امیدوار 2028 میں برطانیہ میں اپنی اعلیٰ تعلیم کا آغاز کریں گے۔
