بیروت (آئی پی ایس )اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسلسل پانچویں روز لبنان کے درالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں دحیہ، ہارت ہریک اور شیاح کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں رضاکاروں سمیت 59 افراد شہید اور 182 زخمی ہو گئے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے جنوبی صوبے نبطیہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں مزید 2 طبی معاونین جبکہ سول ڈیفنس سینٹر پر فضائی حملے میں کم از کم 12 رضاکار شہید ہو گئے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حملوں میں 59 افراد شہید جبکہ 182 زخمی ہوئے ہیں۔لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ بیروت کیجنوبی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 2 مزید طبی معاونین شہید ہوچکے ہیں جبکہ اس سے قبل ایک اسرائیلی ڈرون کے لبنان کے صوبے نبطیہ میں کام کے دوران ایک سول ڈیفنس ٹیم کو نشانہ بنانے کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا تھا۔
لبنان کی وزرات صحت کے حالیہ بیان کے مطابق حملے میں کم از کم ایک طبی معاون شہید جبکہ دیگر 4 زخمی اور 2 لاپتا ہوگئے۔وزارت صحت نے بتایا کہ جنوبی لبنان کے ساحلی شہر ٹائر میں صبح کے وقت ایک الگ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک اور طبی معاون کو شہید کیا گیا، انہیں اسرائیلی فورسز نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک زخمی شخص کو نکالنے کے لیے ریسکیو کے کام میں مصروف تھے۔ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر وزارت صحت ایک بیان جاری کیا جس میں ریسکیو کے دوران طبی عملے پر وحشیانہ حملوں کی مذمت کی گئی۔