پشاور:عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کر گئے۔ رہنما اے این پی ثمر ہارون بلور نے الیاس بلور کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ الیاس بلور کی نماز جنازہ کل دوپہر 2 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔
الیاس بلور 9 جنوری 1940 کو پشاور، خیبر پختونخوا میں ایک سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئے جہاں سے انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی، ایڈورڈز کالج سے فیکلٹی آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے 1969 میں جامعہ کراچی سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔ 1999 میں الخیر یونیورسٹی، آزاد جموں و کشمیر سے مارکیٹنگ میں ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کی ڈگری بھی حاصل کی۔
الیاس کمپنی فلور اینڈ جنرل ملز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ الیاس بلور 2012 کے سینیٹ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے سینیٹ آف پاکستان کے لیے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
مرحوم الیاس بلور اے این پی رہنما غلام احمد بلور اور شہید بشیر احمد بلور کے بھائی تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق سینیٹر اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور اِظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیاس احمد بلور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
اے این پی رہنما سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔