Sunday, November 3, 2024
ہومٹاپ سٹوریغزہ جنگ بندی ، امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے

غزہ جنگ بندی ، امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض(آئی پی ایس)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ ’انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کا دورہ کرنے کے بعد رواں ہفتے کے آخر میں برطانیہ بھی جائیں گے۔‘انہوں نے کہا کہ اعلیٰ امریکی سفارت کار لندن میں عرب رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ’اسرائیل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 7 اکتوبر 2023 (جیسا واقعہ) دوبارہ نہ ہو اور اسے دیگر 101 اسرائیلی اور غیر ملکی یرغمالیوں کو واپس لانے اور جنگ ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔‘
اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کے اگلے مرحلے پر ریاض روانہ ہونے سے قبل امریکی وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’اب ان کامیابیوں کو ایک پائیدار تزویراتی کامیابی میں بدلنے کا وقت ہے۔‘
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ’یرغمالیوں کو گھر پہنچانے، اس جنگ کو ختم کرنے اور اس کے بعد کی واضح منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔‘
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کے رہنماؤں پر زور دیا کہ ہے وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے اقدامات کریں۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کا یہ تازہ مطالبہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب اس علاقے کے امدادی بحران کے شکار شمال میں جاری لڑائی میں شدّت آ گئی ہے۔
انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران منگل کو اسرائیل پہنچے۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکی وزیر خارجہ کا مشرق وسطیٰ کا یہ 11 واں دورہ ہے۔
گذشتہ ماہ لبنان کی حزب اللہ کے ساتھ اسرائیل کے تنازع میں شدّت کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
اعلیٰ امریکی سفارت کار نے اسرائیل کے رہنماؤں کو بتایا کہ ’فوج کے ہاتھوں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی گزشتہ ہفتے ہلاکت نے جنگ بندی اور 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران حماس کے یرغمالیوں کی رہائی کا ایک موقع دیا ہے۔‘
انٹونی بلنکن نے تل ابیب میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’مجھے اس بات پر یقین ہے کہ یحیٰ سنوار کی موت نے یرغمالیوں کو گھر لانے، جنگ کو ختم کرنے اور اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔‘
اس سے قبل یروشلم میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ بات چیت کے دوران انٹونی بلنکن نے محصور فلسطینی علاقے میں مزید امداد کی اجازت دینے کے لیے زور دیا تھا۔
ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ بینجمن نیتن یاہو کو غزہ تک امدادی رسائی بڑھانے کے لیے انٹونی بلنکن کے انتباہ کی ’سنجیدگی‘ کا ادراک ہے۔
واشنگٹن نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے فوری طور پر علاقے تک انسانی رسائی کو بہتر نہ کیا تو وہ اپنی کچھ فوجی امداد معطل کر سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔