واشنگٹن/کیلیفورنیا(سب نیوز)کیلیفورنیا کے گورنر کے امیدوار محمد عارف نے وائٹ ہاوس کے نامہ نگاروں کے عشائیے میں ہونے والی حالیہ فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا گیا ۔پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں محمد عارف نے اطمینان کا اظہار کیا کہ فائرنگ کے واقعے میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا وہ انتہائی خطرناک اور غلط عمل تھا، ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ تمام امریکی محفوظ ہیں اور کسی کو بھی شدید نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے اس حملے کو مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے مجرم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ آور کی طرف سے ایک مجرمانہ فعل ہے، جس کی سزا امریکی نظام انصاف کے تحت مجرم کو ملنی چاہیے۔محمد عارف نے امریکی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سلامتی کیلئے دعائیں بھی کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے ساتھی امریکیوں کی حفاظت کے لیے دعاگو ہیں۔
