اسلام آباد(سب نیوز ) مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے سلسلے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمٹ ہاس میں ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے پر حتمی مشاورت کی جائیگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔بلاول بھٹوزرداری، اسد قیصر اور عامر ڈوگر کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا یہ پانچواں ان کیمرہ اجلاس ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار خصوصی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بیرسٹرگوہر اور اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے آئینی ترامیم کے ترمیمی مسودے پر اتفاق کرلیا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے پیپلزپارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو نے مجوزہ آئینی ترامیم پر سیاسی جماعتوں سے روابط کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئینی ترامیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے نئے مسودے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کی شرائط اور تجاویز سے آگاہ کیا، نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ مسودے میں مولانا فضل الرحمان کی ترامیم بھی شامل کرلی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم پارلیمنٹ میں پیش کرنیکی تاریخ کا فیصلہ بھی مشاورت سے کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے تمام پارلیمانی جماعتوں کے اتفاق رائے پر زور دیا۔ نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان حتمی مسودے پر اتفاق رائیکی ہدایت کی۔ ذرائع کا کہنا ہیکہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی ف کی قانونی ٹیمیں آئینی ترامیم کے مسودے کو حتمی شکل دیں گی۔ آئینی ترامیم کا بل کابینہ اورپارلیمنٹ میں پیش کرنے کی تاریخ کا تعین مزید مشاورت سے ہوگا۔
