ہومبریکنگ نیوزآبنائے ہرمز کی بندش کے بعد کویت نے متبادل آئل پائپ لائن منصوبے پر غور شروع کردیا

آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد کویت نے متبادل آئل پائپ لائن منصوبے پر غور شروع کردیا

کویت سٹی: کویت نے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل کی برآمدات متاثر ہونے کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ ایک نئی آئل پائپ لائن منصوبے پر مشاورت شروع کر دی ہے جس کا مقصد خام تیل کو متبادل راستوں کے ذریعے عالمی منڈی تک پہنچانا ہے۔

جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو نیوز کے مطابق کویتی وزیرِ تیل طارق سلیمان الرومی نے بتایا کہ مختلف متبادل راستوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایک تجویز کے مطابق پائپ لائن کویت سے سعودی عرب کے راستے بحیرۂ احمر یا سلطنت عمان تک پہنچائی جائے گی، جبکہ دوسری تجویز میں کویت کو متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ سے منسلک کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔

وزیرِ تیل نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا اور طویل المدتی منصوبہ ہوگا جس پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر متعلقہ ممالک کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ سب سے مؤثر اور کم لاگت والا راستہ منتخب کیا جا سکے۔
طارق الرومی کے مطابق آبنائے ہرمز کی مؤثر بندش کے باعث اس وقت کویت کی خام تیل کی برآمدات مکمل طور پر رک چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ اہم بحری گزرگاہ بند رہے گی، کویت سے تیل کی برآمد ممکن نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ حملوں میں متاثر ہونے والے بعض آئل اسٹوریج ٹینکس کی مرمت میں کم از کم ایک سال لگ سکتا ہے، جس کے باعث توانائی کے شعبے کو بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔

کویتی وزیرِ تیل نے جاپان کو کویت کا ایک اہم اور اسٹریٹجک خریدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک میں تیل کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔
انہوں نے ایران کی جانب سے کویت اور دیگر خلیجی ممالک پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کویت نے ایران کے خلاف کوئی فوجی کارروائی نہیں کی، جبکہ ملک کی تمام اہم تنصیبات، بالخصوص آئل سیکٹر، مضبوط فضائی دفاعی نظام کے ذریعے محفوظ ہیں۔

ان کے مطابق حالیہ بحران کے بعد کویت نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ پائپ لائن منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو مستقبل میں آبنائے ہرمز پر انحصار کم ہو سکتا ہے، جس سے خلیجی ممالک کی توانائی برآمدات کو زیادہ تحفظ اور استحکام حاصل ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔