ہومتازہ ترینمخصوص نشستوں کا معاملہ: الیکشن کمیشن نے وضاحت کے لیے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

مخصوص نشستوں کا معاملہ: الیکشن کمیشن نے وضاحت کے لیے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے کا معاملے پر ایک بار پھر سپریم کورٹ سے وضاحت کے لیے ایک بار پھر رجوع کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ آنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر جب وضاحت مانگی گئی تب نیا ایکٹ موجود نہیں تھا، پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کی صورت میں اب قانون بنا دیا ہے، بتایا جائے پارلیمنٹ کے قانون پر عملدرآمد کریں یا سپریم کورٹ کے فیصلے پر۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 7 اگست کو مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ نے 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن کی مخصوص نشستوں سے متعلق ابہام کی درخواست پر تحریری آرڈر جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں، الیکشن کمیشن کی درخواست تاخیری حربہ ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔