پشاور(سب نیوز ) یوٹیلیٹی اسٹورز نے مختلف اشیا کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے زونل ہیڈ خیبرپختونخوا علی جوہر خلیل نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اشیا کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کے لئے گھی سمیت مختلف 800اشیا میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں 48 بڑی کمپنیوں کی مختلف برانڈ گھی،خشک دودھ،چائے،اچار،خشک مصالحہ جات،صابن سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ قیمتوں میں کمی کا فیصلہ فوری نافذ العمل ہوگا، قیمتوں میں 8 روپے سے 200 روپے تک کی کمی کی ہے۔علی جوہر خلیل کا کہنا تھا کہ عوام کی تکالیف اور موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں اشیا کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا، آنے والے دنوں میں ان اشیا کی قیمتوں کو مزید کم کیا جائے گا۔
