اسلام آباد،حکومت کی ٹیکس ریونیو میں اضافے کیلئے منفرد مہم کے زبردست نتائج ،خواتین ٹیکس پیئرز بھی ملکی خزانے میں خطیر رقم جمع کروانے لگیں،سیالکوٹ میں ایک بار پھر ترقیاتی منصوبہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والی خاتون شہری کے نام ،کلین گرین مہم کے تحت شہر میں ایک کروڑ 54 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم دوسرے پارک کا افتتاح کر دیا گیا،پارک کا افتتاح شہر کی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے خاتون شہری مریم نعمان نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق خاتون ٹیکس پیئر کے اعزاز میں پروقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار بھی شریک ہوئے ،منصوبے پر عثمان ڈار کی بجائے خاتون ٹیکس پیئر مریم نعمان کا نام درج کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ مہم کے نتیجے میں خواتین شہریوں میں ٹیکس کا رجحان بڑھنے لگا ہے، دلی خوشی ہے کہ ترقیاتی منصوبے کا افتتاح بہادر بیٹی ڈاکٹر مریم نعمان نے کیا،سیالکوٹ کے بیٹے اور بیٹیاں ہر سال حکومتی خزانے میں 10 ارب روپے کا ٹیکس دیتے ہیں، سیالکوٹ کے شہری ملکی تعمیرو ترقی میں ایک بڑا حصہ ڈال رہے ہیں،سیالکوٹ کے شہریوں نے سوشل ورک، ائیرپورٹ کی تعمیر، ہسپتالوں کیلئے فنڈ اور ائیرلائن کا قیام ممکن بنایا، فیصلہ کیا ہے کہ سیالکوٹ کا ہر ترقیاتی منصوبہ شہر کی عوام کے نام کروں گا، سیالکوٹ میں 20 ارب روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے،جدید ترین سیوریج سسٹم، پینے کا صاف پانی، ٹریفک ری انجینئرنگ اور مکمل سٹی پلاننگ کے منصوبے شامل ہیں،ڈھائی سو بیڈز کا نیا ہسپتال اور 16 ارب روپے کی لاگت سے ٹیکنیکل یونیورسٹی تعمیر کر رہے ہیں، عثمان ڈارتمام منصوبے سیالکوٹ کے ٹیکس پیئرز کے نام کر کے شہر کو مثالی ڈسٹرکٹ بنائیں گے۔

