اسلام آباد(آئی پی ایس )ایک سو نوے ملین پاونڈ ریفرنس میں بشری بی بی کی بریت کی درخواست پر نیب کا جواب نہ آنے کے خلاف وکیل صفائی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی، احتساب عدالت نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت دو ستمبر تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190ملین پائونڈ ریفرنس اور نئے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔190ملین پاونڈ ریفرنس میں بشری بی بی کی بریت کی درخواست پر نیب کا جواب نہ آنے کے خلاف بشری بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود گزشتہ 8 سماعتوں سے نیب جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ عدالت نے درخواست پر 4 ستمبر کو ابتدائی دلائل طلب کرلیے۔دوسری جانب نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت دو ستمبر تک ملتوی کردی۔سماعت میں نیب کے وکیل کی جانب سے تیاری کیلئے مہلت مانگی گئی جس پر عدالت نے ان کی درخواست منظور کی۔